لیبیا: دوسری شادی پر ناراض خاتون نے شوہر کوموت کے گھاٹ اتار دیا

 خاتون نے پڑوسن سے کلاشنکوف لی اور شوہر پر پورا برسٹ کھول دیا جس سے وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا
طرابلس(آئی این پی)لیبیا میں شوہر کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والی خاتون اور پڑوسن کو معاونت کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔عرب خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لیبیا کے جنوب مشرقی شہر ترھونہ میں پیش آنے والے واقعے نے معاشرے کو ہلا کر رکھ دیا جب ایک خاتون نے دوسری شادی کرنے پر اپنے شوہر سے انتقام لیتے ہوئے اسے موت کی نیند سلادیا۔رپورٹس کے مطابق خاتون نے اپنی پڑوسن سے کلاشنکوف لی اور شوہر پر پورا برسٹ کھول دیا جس سے وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر لیا جس نے ابتدائی تحقیقات میں بتایا کہ شوہر نے اس کی رضامندی حاصل کیے بغیر دوسری شادی کرلی تھی جس پر غصے میں آکر انتہائی قدم اٹھایا۔ملزمہ نے آلہ قتل کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ کلاشنکوف پڑوسن سے لی تھی جس کا شوہر ریٹائرڈ فوجی ہے۔ پولیس نے ملزمہ کی معاونت کے الزام میں پڑوسن کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔