اترپردیش: ایک دن میں بھارتی فورسز کے 3اہلکاروں کی خودکشی

نیم فوجی دستے کے دو اہلکاروں نے ڈیوٹی کے دوران ، ایک نے ٹوائلٹ میں خود کو سرکاری رائفل سے گولی ماری
نئی دہلی (آئی این پی)بھارتی ریاست اترپردیش میں 24گھنٹوں کے دوران بھارت کے نیم فوجی دستے کے 3اہلکاروں نے یکے بعد دیگرے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خودکشی کا پہلا واقعہ اترپردیش کے شہر لکھنو میں پیش آیا جہاں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے 36سالہ اوپیندرا کمار سنگھ نے خودکشی کی۔اسی طرح انڈو تبت بارڈر پولیس فورس کے بھی ایک اہلکار نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا جس کی شناخت سجن سنگھ کے نام سے ہوئی اور جو اگلے برس ریٹائرڈ ہونے والا تھا۔ ریاست اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا میں انڈین سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس کے کانسٹیبل ابھی نندن نے ٹوائلٹ میں خود کو گولی مارلی۔ابھی نندن کی عمر 23سال تھی اور وہ ریاست کیرالہ کا رہائشی تھا۔تاحال خودکشی کے ان واقعات کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔