پنجاب میں بھی پیپلز پارٹی کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی:سردار سلیم حیدر

پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر میں ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام میں مقبول اور مضبوط ہورہی ہے
ملک میں جمہوریت کے فروغ ،تسلسل میں وکلا ء برادری کا کردار اہم ہے :وفد سے ملاقات میں گفتگو
 لاہور (یواین پی) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ملک کے مقبول ترین نوجوان لیڈر ہیں، گلگت بلتستان الیکشن میں کامیابی عوام کا پیپلز پارٹی پربھرپور اعتمادکا اظہار ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عام آدمی کے حقوق کے لئے آوازبلند کی ہے، ملک میں جمہوریت کے فروغ اور تسلسل میں وکلا برادری کا کردار اہم ہے۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نذیر ملک کی قیادت میں اسلام آباد میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر میں ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام میں مقبول اور مضبوط ہورہی ہے۔گلگت بلتستان الیکشن کے بعد پنجاب میں بھی پیپلز پارٹی اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے حالیہ الیکشن میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔بلاول بھٹو نے ثابت کردیا کہ وہ ملک کے مقبول نوجوان لیڈر ہیں۔گورنر پنجاب نے آصفہ بھٹو زرداری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی کا پیغام موثر طریقے سے عوام تک پہنچایا۔