رچرڈ گرینل نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے پاکستانی کو جھاڑ پلا دی

واشنگٹن (آن لائن) سابق امریکی انٹیلی جنس چیف رچرڈ گرینل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پاکستانی صارف کو عمران خان کی رہائی کا ہیش ٹیگ استعمال کرنے کا مشورہ دینے پر جھاڑ پلاتے ہوئے دفع ہونے کا کہہ دیا۔بانی پاکستان تحریک انصاف  اورسابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے رچرڈ گرینل نے ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کے گھر کے سامنے کیلی فورنیا کے جنگلات میں ہونے والی تباہ کْن آتشزدگی کا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کیلیفورنیا میں ڈیموکریٹس کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا  ان کی پالیسیاں ہمیں جلا کر راکھ کر رہی ہیں۔رچرڈ گرینل کی پوسٹ پر پی ٹی آئی کے حامی صارف محمد نواز خان نے لکھا کہ مزہ کریں لیکن ایک بار پھر ریلیز عمران خان کا ہیش ٹیگ استعمال کرنا نہ بھولیں۔ جس کے جواب میں رچرڈ گرینل نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے پاکستانی کو ڈانٹ دیا اور کہا کہ ’تم جنوبی کیلیفورنیا میں نہیں رہتے اس لیے دفع ہو جاؤ‘۔