بسنت کی اجازت دینے کا مطالبہ، کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کا مؤقف سامنے آ گیا

بسنت کی اجازت دینے کا مطالبہ، کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کا مؤقف سامنے آ گیا

لاہور : کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے حکومت سے بسنت کی مشروط اجازت دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

 ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ خواجہ ندیم سعید وائیں نے تجویز دی ہے کہ حکومت مخصوص کائٹ فلائنگ زونز قائم کرکے دو روز کے لیے بسنت منانے کی اجازت دے۔خواجہ ندیم سعید وائیں کا کہنا تھا کہ اگر حکومت یہ اجازت دے تو لاہور میں دس لاکھ سے زائد سیاح آئیں گے، جس سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی معیشت کو بھی زبردست فائدہ پہنچے گا۔ ان کے مطابق بسنت کے انعقاد سے کروڑوں روپے کی ریونیو جنریشن ممکن ہوگی اور لاکھوں افراد کو روزگار میسر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ بسنت پنجاب کی ثقافت کا اہم اور خوبصورت حصہ رہا ہے، اور اگر اس تہوار کو محفوظ طریقے سے منانے کی اجازت دی جائے تو یہ شہر کی رونقیں بحال کر سکتا ہے۔

خواجہ ندیم سعید نے زور دیا کہ حکومت پتنگ بازی کے لیے محفوظ مقامات مختص کرے اور ممنوعہ دھاتی ڈور اور خطرناک سامان پر مکمل پابندی عائد کرے تاکہ انسانی جانوں کو نقصان نہ ہو۔یاد رہے کہ ماضی میں بسنت کے دوران پیش آنے والے جان لیوا حادثات کے باعث اس تہوار پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ تاہم شہری حلقوں کی جانب سے ہر سال اس کی بحالی کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔