ڈچ کھلاڑی بھارتی انتہا پسندوں کے نشانے پر آگئے

ممبئی (سپورٹس ڈیسک)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں پاکستان کے خلاف اہم کیچ ڈراپ کرنا نیدرلینڈز کے کھلاڑی میکس او داود کو مہنگا پڑگیا۔  7 فروری کو کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں پاکستان نے سنسنی خیز انداز میں آخری اوور میں تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔میچ کا فیصلہ کن لمحہ سیکنڈ  آخری  اوور میں آیا جب پاکستان کو 12 گیندوں پر 29 رنز درکار تھے۔لوگن وین بیک نے فہیم اشرف کو ایک سلو فل ٹاس گیند کرائی، جس پر وہ شاٹ کو صحیح طرح ٹائم نہ کرسکے اور گیند ہوا میں لانگ آن کی جانب چلی گئی۔میکس او داود نے بھاگتے ہوئے گیند کو دونوں ہاتھوں سے کیچ کرنے کی کوشش کی تاہم گیند ان کے ہاتھوں اور سر سے ٹکراتی ہوئی زمین پر جا گری۔اس موقع کے ضائع ہونے کا نقصان نیدرلینڈز کو اٹھانا پڑا، کیونکہ فہیم اشرف نے اس سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کو فتح دلا دی۔پاکستان نے ہدف تین گیندوں قبل حاصل کرکے دو اہم پوائنٹس حاصل کیے۔میچ کے بعد میکس او داود کو سوشل میڈیا پر بھارتی صارفین کی جانب سے شدید تنقید اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔خاص طور پر انسٹاگرام پر بھارتی شائقین نے ان کے لیے انتہائی نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے اس کیچ کو شکست کی بڑی وجہ قرار دیا۔اس معاملے پر میکس او داد کا کہنا تھا کہ کیچ ڈراپ ہونے پر ڈچ شائقین سے زیادہ بھارتی شائقین مجھ سے ناراض ہیں۔دہلی ایئرپورٹ کی ایک وائرل ویڈیو میں انہیں کہتے سنا جاسکتا ہے کہ شکر ہے ان لوگوں نے مجھے آنے دیا ورنہ جیسے کمنٹس تھے، لگ رہا تھا کہ یہ مجھ پر پابندی لگا دیں گے۔