ہیلمٹ،سیٹ بیلٹ ،ون وے کی خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہو گی
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کے ساتھ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور تحمل سے پیش آئیں،ٹریفک پولیس پہلے سلام پھر کلام کے شعار کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران و اہلکار شہریوں سے خوش اخلاقی اور صبر و تحمل سے پیش آئیں، شہریوں کی غلطی کی نشاندہی تحمل اور اخلاق کے ساتھ کی جائے،چالان یا ہدایات دیتے وقت اخلاقیات اور شائستگی کو مقدم رکھا جائے،خواتین بزرگوں بچوں اور معذوروں کے ساتھ نارواں سلوک ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل در آمد 100فیصد یقینی بنایا جائے، ہیلمٹ،سیٹ بیلٹ ،ون وے دیگر سنگین خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہوگی،بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔