ئی پولیس افسر یا اہلکار کرپشن میں ملوث پایا گیا تو بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی ہوگی: بلال صدیق
لاہور(کرائم رپورٹر)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویڑنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں دونوں ڈویڑنز کی مجموعی کارکردگی، پیشہ ورانہ امور اور انتظامی معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیااجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور نے کہا کہ کرپشن فری سوسائٹی کا قیام وزیر اعلیٰ پنجاب کا ٹارگٹ ہے اور لاہور پولیس اس ٹارگٹ کے حصول کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کو ہر سطح پر کرپشن سے پاک بنانے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے اور کرپشن کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے واضح کیا کہ اگر کوئی پولیس افسر یا اہلکار کرپشن میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تھانوں کو حقیقی معنوں میں مظلوموں کی داد رسی کا مرکز بنایا جائے گا۔۔سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ تھانوں میں تعینات عملہ سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے اور ان کے مسائل کا فوری حل یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ داد رسی کیلئے آنے والوں کی شنوائی نہ کرنے والے پولیس ملازمین کی محکمے میں کوئی جگہ نہیں۔ڈی آئی جی (ایڈمن) عمران کشور، ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن) ذیشان رضا، ڈی آئی جی (آپریشنز) فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن) محمد نوید، ایس ایس پی (آپریشنز) توقیر محمد نعیم، اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویڑنز کے ایس پیز، اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز (انوسٹی گیشن) نے اجلاس میں شرکت کی۔