سرکاری امور میں ذاتی ای میل کے استعمال پر پابندی

 وزار تیں ، ڈویڑ ن، محکمے صرف سرکاری ای میل اکا ئونٹس استعمال کریں 
 تمام اداروں کو سائبر سکیورٹی گائیڈ لائنز پربھی عملدر آمد کرنے کی ہدایت 
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وفاقی حکومت نیسرکاری امور میں ذاتی یا غیر سرکاری ای میل سروسز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی، حکومت نے وزارتوں، ڈویڑ ن ،محکموں اور سرکاری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری مراسلے، دستاویزات، ریکارڈ، رپورٹس اور اعدادوشمار کے تبادلے کیلئے صرف رجسٹرڈ سرکاری ای میل اکا ئونٹس استعمال کئے جائیں۔وفاقی حکومت کے مطابق نجی ای میل کے استعمال سے ڈیٹا لیک یا سائبر سکیورٹی متاثر ہو نے کی ذمہ داری متعلقہ افسر پر ہو گی۔وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے مطابق متعدد سرکاری افسران اور ادارے تاحال ذاتی یا غیر سرکاری ای میل سروسز جیسے جی میل، یاہو اور ہاٹ میل کو سرکاری امور کے لئے استعمال کر رہے ہیں، جو قومی ڈیٹا کی سالمیت، رازداری ،سائبر سکیورٹی کیلئے سنگین خطرہ ہے ،متعدد بار نشاندہی بھی کی جا چکی ہے کہ نجی ای میل سرورز سرکاری محفوظ انفراسٹرکچر سے باہر ہوتے ہیں اور ان کے ذریعے غیر مجاز رسائی، ڈیٹا لیک اور سائبر جاسوسی جیسے خدشات بڑھ جاتے ہیں،حکومتی ہدایات کے مطابق تمام سرکاری مراسلے صرف متعلقہ محکمے کے سرکاری ای میل ایڈریس مثال (@department.gov.pk) کے ذریعے کی جائے گی ، اس کے ساتھ ساتھ تمام اداروں کو این آئی ٹی بی کی سائبر سکیورٹی گائیڈ لائنز پر بھی عملدر آمد کی ہدایت کی گئی ہے۔