پاکستان نے جی 24 کی چیئرمین شپ سنبھال لی اہم سنگ میل،عالمی اقتصادی امور میں مؤثر کردار کو مزید تقویت ملے گی:شہباز شریف

وزیراعظم نے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزارتِ خزانہ کی پوری ٹیم کی انتھک محنت، مؤثر سفارت کاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا،اجتماعی قیادت کی کامیابی کا پیمانہ ترقی کے میدان میں ٹھوس نتائج ہوں گے
 ترقی پذیر ممالک کی فیصلہ سازی میں مؤثر نمائندگی یقینی بنانا ہوگی،بریٹن ووڈز کے مالیاتی اداروں میں منصفانہ اور مساوی نمائندگی کے حامی ہیں، ترقی پذیر ممالک کو سستے اور بروقت ترقیاتی مالی وسائل کی فراہمی اولین ترجیح ہوگی:وزیرخزانہ 
اسلام آباد(آن لائن)ترقی پذیر ممالک کی تنظیم جی 24 کی صدارت پاکستان کے سپرد، یکم نومبر 2026ء سے پاکستان نے چیئرمین شپ سنبھال لی۔ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کی طرف سے عالمی مالیاتی نظام کو زیادہ منصفانہ، جامع اور ترقی پر مبنی بنانے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ ترقی پذیر ممالک کی فیصلہ سازی میں مؤثر نمائندگی یقینی بنانا ہوگی،عالمی اقتصادی پالیسی سازی میں ترقی کو مرکزی حیثیت دینا ہوگی۔انہوں نے نائجیریا کی سابقہ قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے جی 24 کی پیش رفت جاری رکھنے کا عزم کیاوزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ترقی پذیر معیشتوں کی اجتماعی آواز مضبوط بنانے پر زوردیا اور کہا کہ عالمی اقتصادی پالیسی سازی میں ترقی کو مرکزی حیثیت دینا ہوگی۔پاکستان کی جی 24 صدارت کے لیے تین اہم ترجیحات کا اعلان اعلان کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کی فیصلہ سازی میں مؤثر نمائندگی یقینی بنانا ہوگی،بریٹن ووڈز کے مالیاتی اداروں میں منصفانہ اور مساوی نمائندگی کے حامی ہیں، ترقی پذیر ممالک کو سستے اور بروقت ترقیاتی مالی وسائل کی فراہمی اولین ترجیح ہوگی،قرضوں کے پائیدار حل اور عالمی مالیاتی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے پر توجہ ہوگی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون ناگزیر ہے، پاکستان کی جی 24 صدارت مشاورت، اتفاقِ رائے اور اجتماعی مفادات کے اصولوں پر مبنی ہوگی،آئی ایم ایف اور عالمی بینک سمیت عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ترقی پذیر معیشتوں کا مستقبل عالمی معیشت کے مستقبل کا مرکزی حصہ ہے،معاشی استحکام کو سرمایہ کاری، روزگار اور پائیدار ترقی کی بنیاد بنانا ہوگا،پاکستان اجتماعی آواز کو عملی اثر و رسوخ اور بامعنی پیش رفت میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے۔اجتماعی قیادت کی کامیابی کا پیمانہ ترقی کے میدان میں ٹھوس نتائج ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف اور صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پاکستان کو بین الحکومتی گروپ آف ٹوئنٹی فور (G-24) کی چیئرمین شپ ملنے پر اظہار مسرت، اسے عالمی اقتصادی منظرنامے پر پاکستان کے مؤثر کردار کے اعتراف کا اہم سفارتی سنگِ میل قرار دیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کو بین الحکومتی گروپ آف ٹوئنٹی فور (G-24) کی چیئرمین شپ ملنے پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک اہم سفارتی سنگِ میل قرار دیا ہے، جو عالمی اقتصادی امور میں پاکستان کے مؤثر کردار اور آواز کو مزید تقویت دے گا۔وزیراعظم نے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزارتِ خزانہ کی پوری ٹیم کی انتھک محنت، مؤثر سفارت کاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں کے دوران پاکستان کے مؤثر کردار اور ترقی پذیر ممالک کی اقتصادی قیادت میں پاکستان کو نمایاں مقام دلانے کے لیے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ G-24 کی چیئرمین شپ پاکستان کو عالمی مالیاتی نظام میں ضروری اصلاحات، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے منصفانہ مالی معاونت اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کے لیے پائیدار ترقی کے مواقع کے فروغ کے حوالے سے مؤثر کردار ادا کرنے کا اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔