سرکاری سکولوں سے واپڈا تاریں،سامان چرانیوالا گروہ پکڑا گیا

لاہور(کرائم رپورٹر)سرکاری سکولوں سے واپڈا کی تاریں اور دیگر قیمتی الیکٹرک سامان چوری کرنے والے گروہ کو چوکی صوئے اصل پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اوتھل اصل گاؤں سے گرفتار کر لیاایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی کی خصوصی ہدایات پر چوکی انچارج عمران اسلم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کاہنہ اور گردونواح میں واقع سرکاری سکولوں سے واپڈا کی تاریں، جنریٹرز، موٹریں اور دیگر سامان چوری کرنے میں ملوث تھے۔ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق ملزمان رات گئے مختلف فارم ہاؤسز میں بھی چوری کی وارداتیں کرتے رہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ واپڈا کی تاریں، جنریٹر، موٹریں، ایک موٹر سائیکل، نقدی اور دو پستول بھی برآمد کر لیے ہیں۔گرفتار ملزمان کی شناخت عرفان اور وقار کے نام سے ہوئی ہے، جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔