وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات (UAE) کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان ابو ظہبی میں ملاقات ہوئی۔
یہ ملاقات عالمی سطح پر گورننس کے حوالے سے ہونے والی ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 کی تیاریوں کے دوران ہوئی۔ اس ملاقات میں اقتصادی، تجارتی، اور ترقیاتی شعبوں میں پاکستان اور UAE کے مابین موجودہ تعاون پر بات چیت کی گئی۔وزیراعظم نے ملاقات میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اشتراک کو مزید بڑھانے کے امکانات موجود ہیں، جو نہ صرف دونوں کے باہمی مفادات کو پورا کریں گے بلکہ پائیدار اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے معاون ثابت ہوں گے۔ ملاقات میں گورننس کے عالمی رجحانات اور عالمی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومتی تیاریوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ترقی کی رفتار میں اضافے اور بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے ان عالمی تبدیلیوں سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔
ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں مشرق وسطیٰ میں ہونے والی حالیہ پیش رفت شامل تھی۔ دونوں رہنماؤں نے ایک جامع اور دیرپا امن کے قیام کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور علاقائی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے دو ریاستی حل پر بات کی۔یہ ملاقات وزیرِ اعظم کے دورہ یو اے ای کا حصہ تھی، جو دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 میں شرکت کے لیے ہو رہا ہے۔ اس سربراہی اجلاس کا موضوع "شیپنگ فیوچر گورنمنٹس" ہے، جس میں عالمی گورننس میں درپیش چیلنجز اور ان کے حل پر بات کی جا رہی ہے۔