سمندر پار پاکستانیوں کا تاریخی اجتماع: وزیراعظم اور آرمی چیف شریک

سمندر پار پاکستانیوں کا تاریخی اجتماع: وزیراعظم اور آرمی چیف شریک

اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے پہلے سالانہ کنونشن کا انعقاد کیا گیا ہے، جس کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہنا اور ان کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔

دنیا بھر سے پاکستانیوں کی بڑی تعداد اس ایونٹ میں شریک ہے۔کنونشن میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء، سینیٹرز، ارکان پارلیمنٹ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد ایک خصوصی ڈاکیومنٹری بھی پیش کی گئی۔

اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی
چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) سید قمر رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا کے 160 ممالک میں ایک کروڑ 20 لاکھ پاکستانی موجود ہیں جو ملک کے سفیر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کنونشن میں 1200 سے زائد اوورسیز پاکستانی شریک ہیں اور اس کا کریڈٹ وزیراعظم اور آرمی چیف کو جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کنونشن کے انعقاد میں آرمی چیف کا مکمل تعاون شامل ہے اور شرکاء کے لیے ظہرانے کا اہتمام بھی آرمی چیف کی جانب سے کیا گیا ہے۔ قمر رضا نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کی معیشت، پہچان اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور او پی ایف ان کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔