سیاحوں کے لیے خوشخبری: ملک کے مختلف علاقوں میں برف باری کا آغاز

سیاحوں کے لیے خوشخبری: ملک کے مختلف علاقوں میں برف باری کا آغاز

ملک کے مشہور سیاحتی مقامات گلیات، مری، ناران، کاغان، شوگراں اور بابو سر ٹاپ پر برف باری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

گلیات میں ڈیڑھ انچ تک برف ریکارڈ کی گئی، جبکہ مری میں برف باری کے باعث سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو گئی ہے۔ ایبٹ آباد مری روڈ اور دیگر لنک روڈز کو کھلا رکھنے کے لیے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کی انتظامیہ موقع پر موجود ہے، جبکہ برف ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔وادی کاغان کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے، جبکہ بالاکوٹ کے بالائی پہاڑوں پر ہلکی بارش کے ساتھ برف باری بھی ہو رہی ہے۔

ناران، کاغان، شوگراں اور بابو سر ٹاپ پر بھی برف باری شروع ہو چکی ہے، جس سے علاقے کا حسن مزید نکھر گیا ہے، مگر ساتھ ہی درجہ حرارت میں نمایاں کمی آ گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں میں مزید برف باری کا امکان ہے، جبکہ سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور گاڑیوں میں سنو چین ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ مشکل سے بچا جا سکے۔