ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار، پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری

ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار، پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری

پاکستان میں موسم سرد اور خشک ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

 گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں دن کے اوقات میں ہلکی بارش اور برف باری کی توقع ہے۔

لاہور میں موسم کی صورتحال
لاہور میں سورج نے دن کا آغاز روشنی سے کیا، مگر آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا امکان نہیں۔ موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جو کم سے کم 5 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 21 ڈگری تک جا سکتا ہے۔شہر کی فضائی آلودگی بدستور تشویشناک ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی مجموعی شرح 203 ریکارڈ کی گئی، جبکہ کچھ علاقوں میں یہ 450 سے تجاوز کر گئی۔

کراچی میں سردی کی لہر
کراچی میں سرد ہواؤں کا بسیرا ہے، موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 24 سے 26 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا فضائی معیار خراب ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں 16ویں نمبر پر اور پاکستان کے آلودہ شہروں میں ساتویں نمبر پر آ گیا ہے۔

ملک کے دیگر حصوں میں صورتحال
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے نظام زندگی متاثر ہو گیا ہے۔خیبر پختونخوا میں بابوسر ٹاپ، نانگا پربت اور بٹو گاہ جیسے مقامات پر برف باری ہوئی ہے۔بلوچستان کے کئی علاقوں، بشمول کوئٹہ، قلات، اور زیارت میں شدید سردی کے باعث پانی پائپوں میں جم گیا ہے۔
دُھند اور کُہرے کی صورتحال
اسلام آباد، بالائی پنجاب، اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں کُہرے کی توقع ہے۔جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے، گرم لباس پہننے اور فضائی آلودگی سے بچنے کے لیے ماسک استعمال کرنے کی ہدایت دی ہے۔