لاہور اور کراچی میں سردی کے باوجود فضائی معیار خراب، متعدد شہروں میں بارش اور برف باری کا امکان

لاہور اور کراچی میں سردی کے باوجود فضائی معیار خراب، متعدد شہروں میں بارش اور برف باری کا امکان

لاہور میں سردی کی شدت میں کمی دیکھی گئی ہے اور درجہ حرارت 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم شہر کا فضائی معیار خراب ہے اور یہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے، جبکہ دھند کے باعث حد نگاہ 4 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ملک کے بیشتر شہروں میں آج موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، اور بعض علاقوں میں بارش اور برف باری بھی متوقع ہے۔ اسلام آباد میں موسم سرد اور جزوی ابرآلود رہے گا، جبکہ خیبرپختونخوا میں موسم سرد اور خشک ہوگا۔ پہاڑی اضلاع میں شدید سردی کے ساتھ مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔ چترال، دیر، کالام، سوات اور وزیرستان میں ہلکی بارش اور برف باری متوقع ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ مری اور گلیات میں ہلکی بارش اور برف باری ہوسکتی ہے۔ وسطی پنجاب میں مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے، اور ملتان، جھنگ، سرگودھا اور فیصل آباد میں بوندا باندی کی توقع ہے۔

سندھ اور بلوچستان میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، پشین اور گوادر میں ہلکی بارش اور برف باری متوقع ہے۔کراچی میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، درجہ حرارت کم سے کم 12 اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد سے زائد ہے، اور شمال مشرقی سمت سے 5 سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔اے کیو آئی کے مطابق کراچی کا فضائی معیار بدستور مضر صحت ہے اور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر ہے، جبکہ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 179 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔