ترک صدر اردوان کل پاکستان آمد

صدر زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف ، آرمی چیف جنرل عا صم منیر سے ملیں گے
دو طرفہ تعلقات کا قانونی فریم ورک مضبوط بنانے کیلئے معاہدوں پر دستخط بھی متوقع 
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ترک صدر اردوان رواں ہفتے پاکستان سمیت متعدد مسلمان ممالک کا دورہ کریں گے جہاں وہ دو طرفہ تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔صدر رجب طیب اردوان کل دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ دورے کے دوران طیب اردوان صدر زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف ،آرمی چیف جنرل عا صم منیر سمیت عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ترکیہ کے کمیونیکیشنز کے ڈائریکٹر فریہتین آلتن نے بتایا صدر رجب طیب اردوان رواں ہفتے ملائیشیا، انڈونیشیا کا بھی دورہ کریں گے۔انہوں نے کہا ترک صدر دورے کے موقع پر دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں پر تبادلہ خیال کریں گے اور اہم منصوبوں کے ذریعے تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔ترک عہدیدار نے بتایا اردوان ملائیشیا کے بعد انڈونیشیا اور پاکستان میں اعلیٰ سطح کی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے اجلاس کی مشترکہ سربراہی کریں گے۔انہوں نے کہا اس دوران دو طرفہ تعلقات کے قانونی فریم ورک کو مضبوط بنانے کیلئے معاہدوں پر دستخط بھی متوقع ہیں ،صدر اردوان میزبان ممالک کے کاروباری رہنمائوں سے بھی ملاقات کریں گے۔