امریکا ایران مذاکرات صورتِ حال بہتر بنانے کی جانب قدم ہیں: چین

امریکا ایران مذاکرات صورتِ حال بہتر بنانے کی جانب قدم ہیں: چین

چین نے اسلام آباد میں ہونے والے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیش رفت خطے میں کشیدگی کم کرنے اور صورتحال کو بہتر بنانے کی سمت ایک مثبت قدم ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق مذاکرات کا آغاز اس بات کی علامت ہے کہ فریقین اختلافات کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی طرف بڑھ رہے ہیں، جو علاقائی اور عالمی استحکام کے لیے اہم ہے۔ترجمان نے امید ظاہر کی کہ تمام فریقین جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی کے معاہدوں کی مکمل پاسداری کریں گے تاکہ خطے میں مزید بگاڑ سے بچا جا سکے۔آبنائے ہرمز کے حوالے سے ممکنہ کشیدگی اور امریکی بحری اقدامات کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے چین نے واضح کیا کہ تمام فریقین کو تحمل اور ضبط کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ترجمان کے مطابق اس اہم آبی گزرگاہ کو محفوظ، مستحکم اور بلا رکاوٹ رکھنا پوری بین الاقوامی برادری کے مشترکہ مفاد میں ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ نے مزید کہا کہ توانائی کی عالمی ترسیل اور بحری راستوں کے تحفظ کے لیے تمام ممالک کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ چین نے اس بات پر زور دیا کہ کشیدگی کے بجائے بات چیت اور سفارت کاری ہی دیرپا حل فراہم کر سکتی ہے۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ چین خطے میں توانائی کے تحفظ اور سپلائی چین کے استحکام کے لیے تمام فریقین کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ بحران سے بچا جا سکے اور عالمی منڈیوں میں استحکام برقرار رہے۔