پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کے ناموں پر غور جاری، بیرسٹر گوہر

پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کے ناموں پر غور جاری، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پارٹی چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کے لیے مختلف ناموں پر غور کر رہی ہے۔

انٹرا پارٹی کیس کی سماعت
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کی۔ پی ٹی آئی کی طرف سے بیرسٹر گوہر خان پیش ہوئے۔

دوران سماعت بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ دلائل سے پہلے پارٹی کا ریکارڈ بازیاب کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ میں سے چار درخواست گزاروں نے انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ نہیں لیا، جبکہ پانچواں درخواست گزار اکبر ایس بابر کا ساتھی ہے، جسے پارٹی سے کافی عرصہ پہلے نکالا جا چکا ہے۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو جواب جمع کرانے کے لیے مزید مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 4 مارچ تک ملتوی کر دی۔

اکبر ایس بابر کا موقف
درخواست گزار اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کی درخواست پر پی ٹی آئی نے تاحال تحریری جواب جمع نہیں کرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر نے آج الیکشن کمیشن کے ساتھ غلط بیانی کی ہے۔

دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیسز
دوسری جانب، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں بیرسٹر گوہر خان و دیگر کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیسز کی سماعت ہوئی۔جوڈیشل مجسٹریٹ تھانہ کراچی کمپنی شہزاد خان نے کیسز پر سماعت کی۔ بیرسٹر گوہر خان کی جانب سے حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی، جبکہ ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر آج بھی دلائل نہ ہو سکے۔ عدالت نے کیس کی سماعت بغیر کارروائی 3 مارچ تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ بیرسٹر گوہر خان و دیگر کے خلاف تھانہ آئی-9 میں دو مقدمات درج ہیں۔