ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی توقع، سرد موسم برقرار رہے گا

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی توقع، سرد موسم برقرار رہے گا

ملک کے مختلف علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش یا برفباری کی توقع ہے۔

 لاہور میں جزوی طور پر ابر آلود موسم جاری ہے اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، لیکن فضائی آلودگی کی وجہ سے ماحول مضر صحت ہو چکا ہے، جس کا ایئر کوالٹی انڈیکس 200 ہے۔ کراچی میں سرد موسم کا اختتام ہوگیا ہے اور گرمی کی واپسی ہوئی ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ کراچی میں فضائی آلودگی کا انڈیکس 122 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو شہر کے ماحول کو مضر صحت بنا رہا ہے۔سوات میں برفباری سے وادی کا منظر حسین ہو گیا ہے اور سیاحوں کی بڑی تعداد برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لیے سوات کا رخ کر رہی ہے۔

 اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہوائیں اور بوندا باندی متوقع ہیں۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں سرد موسم اور جزوی ابر آلود موسم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں بارش اور برفباری کا امکان بھی ہے۔پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک موسم رہے گا، تاہم لاہور، سیالکوٹ اور راولپنڈی میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی ہلکی بارش اور برفباری کی توقع کی جا رہی ہے۔