پاکستان میں بیرونی سازش کے تحت دہشتگردی کرائی جا رہی ہے مراد علی شاہ

 معیشت بہتری کی جانب گامزن  ہے ،سکیورٹی ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں:فرانس کے سفیر سے ملاقات میں گفتگو
 کراچی(آئی این پی )وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے فر انسیسی  کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی۔وزیر اعلی سندھ سے فرانسیسی سفیر نے ملاقات کی۔ جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سیلاب متاثرین کی بحالی پر بھی بات چیت ہوئی۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے فرنچ کمپنیز کو سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ اور فرانسیسی سفیر کی جانب سے سندھ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی گئی۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ اور ملک کی معاشی صورتحال کے باعث ترقیاتی پروگرام متاثر ہوا۔  پاکستان میں دہشتگردی اندرونی معاملہ نہیں۔ بلکہ دہشتگردی بیرونی سازش کے تحت کرائی جا رہی ہے۔ تاہم سیکیورٹی ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ سندھ میں امن امان کی صورتحال بہت بہتر ہے۔