عمران خان کے الزامات احتساب سے بچنے کیلئے ہیں: شرجیل میمن

سیاسی فائدے کیلئے ریاستی اداروں کو بدنام کرنا قومی استحکام کیلئے نقصان دہ ہے
 منتخب ججوں کے حوالے سے بانی پی  ٹی آئی کے الزامات گمراہ کن ہیں:سینئر وزیر سندھ
 کراچی (آئی این پی )سندھ کے سینئیر وزیر شرجیل انعام میمن  نے کہاہے  بانی پی  ٹی آئی  عمران خان کے الزامات احتساب سے بچنے اور سیاسی عدم استحکام کو ہوا دینے کی مہم کا حصہ ہیں۔ بانی پی ٹی آئی   کے آرمی چیف کو کھلے خط  پر  شرجیل انعام میمن نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی خود 2018 میں الیکٹورل انجینیرنگ کے الزامات کے درمیان برسر اقتدار آئے۔ عمران خان  کے الزامات  احتساب سے بچنے اور سیاسی عدم استحکام کو ہوا دینے کے لیے ان کی جاری مہم کا حصہ ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ تمام آئینی ترامیم جمہوری عمل سے گزرتی ہیں۔ منتخب ججوں کے حوالے سے بانی پی  ٹی آئی کے الزامات گمراہ کن ہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے اپنے دور اقتدار میں ثاقب نثار کو استعمال کیا۔ افسوس کی بات  ہے کہ سابق  چیف جسٹس سابق ثاقب نثار نے بانی پی ٹی آئی کے لئے ایک کارکن کے طور پر کام کیا۔ عوام عمران خان اور ثاقب نثار کے گٹھ جوڑ کو آج تک نہیں بھولے ہیں۔ ثاقب نثار نے  جس طرح پانی پی ٹی آئی کے لئے بطور کارکن کام کیا اس کی مثال پاکستان  کی تاریخ  میں نہیں ملتی۔