اسلام آباد (آن لائن)سائنس میں خواتین اور لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر، ہم سائنسی دریافتوں، اختراعات، اور قیادت کے ذریعے جدید دنیا کی تشکیل میں خواتین اور لڑکیوں کی نمایاں شرکت کا اعتراف کرتے ہیں۔ امسال اس دن کا تھیم/موضوع ''مستقبل کی پیش رفت کا نقشہ: بہترین ابھی آنا باقی ہے''، ہمارے لئے سائنس کے شعبے میں کی گئی پیشرفت اور اس حوالے سے ایک مساوی اور جامع مستقبل کی تعمیر کی نشاندہی کرتا ہے۔ سائنس میں خواتین اور لڑکیوں کے کردار کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ معاشی ترقی اور سماجی بہبود کے لیے سائنسی تحقیق اور تکنیکی ترقی میں مردوں اور عورتوں کی مساوی شرکت ضروری ہے۔ تاہم سائنس اور ٹیکنالوجی کی شعبوں میں خواتین کو طویل عرصے سے نسبتاً کم نمائندگی دی جاتی رہی ہے جس کی وجہ سے ان اہم شعبوں میں ایک اہم صنفی فرق پیدا ہوا ہے‘مساوی مواقع اور ہم آہنگ ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔