تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ‘ عام آدمی کو بیروزگارنہیں کریں گے مریم نواز

تجاوزات کے خلاف مہم سے متاثرہ چھوٹے کاروبار اور ریڑھی وغیرہ کی بحالی کا حکم‘متاثرہ افراد کو متبادل جگہ فراہم کی جائے گی‘بے ہنگم تجاوزات کی وجہ سے بازار وں سے گزرنا محال تھا: وزیراعلیٰ
 سپیشل افرادکی بحالی اور بہتری کا عہد ضرور پورا کریں گے‘پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم سنٹرپراجیکٹ جلد پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا :مریم نواز‘آ لات کی فراہمی کیلئے درخواستوں کی وصولی شروع 

لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تجاوزات کے خاتمے کی مہم کی زد میں آنے والے بے روزگار افرادکی بحالی کا بڑا اور اہم فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تجاوزات کے خلاف مہم سے متاثرہ چھوٹے کاروبار کی بحالی کا حکم دیدیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے متعلقہ حکام کو چھوٹے کاربار اور ریڑھی وغیرہ کی بحالی کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ٹریفک میں آسانی کے لئے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے، لیکن عام آدمی کو بے روزگار بھی نہیں کریں گے۔ کسی غریب سے روزگار نہیں چھیننا چاہتے۔بے روزگار ہونے والے افرادکے لئے متبادل انتظام ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہر شہر میں انسداد تجاوزات مہم کے متاثرہ افراد کے لئے متبادل جگہ فراہم کی جائے گی۔ انسدادتجاوزات مہم سے متاثرہ افراد کے روزگار کے لئے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ٹریفک کے بہاؤ میں آسانی کے لئے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہر شہر میں بے ہنگم تجاوزات کی وجہ سے بازار وں سے گزرنا محال تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر سپیشل افرادکیلئے معاون آلات کی فراہمی کے پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سپیشل افراد کی زندگیوں میں آسانی لانے کیلئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے منفرد پروگرام کے تحت سپیشل افراد کو آلات کی فراہمی کیلئے درخواستوں کی وصولی شروع کر دی گئی ہے۔پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں نقل و حمل کی صلاحیت سے محروم سپیشل افراد کوویل چیئر مفت فراہم کی جائے گی۔ ویل چیئر کی فراہمی سے سپیشل افرادکی نقل و حرکت اور رسائی میں آسانی ہوگی ۔ سماعت سے محروم افراد کوخصوصی آلہ سماعت فراہم کیاجائے گا ۔آلہ سماعت فراہم کرنے سے سپیشل افراد کی قوت سماعت اور قوت گویائی میں اضافہ ممکن ہوگا ۔ معاون آلات کے لئے گھر بیٹھے آن لائن پورٹل adwc.punjab.gov.pk پر اپلائی کیا جاسکتاہے۔ معذور افرادکا شناختی کارڈ یا بے فارم اور ڈسٹرکٹ ڈس ابیلٹی اسسمنٹ بورڈ کا جاری کردہ معذوری سرٹیفکیٹ درکار ہوگا ۔ سپیشل افرادمتعلقہ اضلاع میں ضلعی دفاتر سوشل ویلفیئر سے بھی رہنمائی  حاصل اورمزید رسائی کیلئے خصوصی ہیلپ لائن 1312 پر بھی کال کرسکتے ہیں ۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سپیشل افراد بہت سپیشل اورقابل قدر ہوتے ہیں۔ سپیشل افرادکی بحالی اور بہتری کا عہد ضرور پورا کریں گے۔ سپیشل افرادکیلئے پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم سنٹرپراجیکٹ بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہمت کارڈ کے اجرا کا مقصد سپیشل افراد کومعاشی خود انحصاری کی طرف گامزن کرناہے۔