بولیویا کے اینڈیز پہاڑی سلسلے میں سائنسدانوں نے 18 ہزار سے زیادہ ڈائنوسار کے قدم کے نشانات دریافت کیے ہیں، جنہیں دنیا کی سب سے بڑی واحد ڈائنوسار فٹ پرنٹس سائٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ نشانات تقریباً 7 کروڑ سال پرانے ہیں۔یہ اہم دریافت امریکی ریاست کیلیفورنیا کی یونیورسٹی کے ماہرین کی 6 سالہ تحقیق اور فیلڈ ورک کے بعد سامنے آئی، اور اسے معروف سائنسی جریدے PLOS One میں شائع کیا گیا ہے۔ٹیم نے ٹورو ٹورو Toro Toro نیشنل پارک کے علاقے کاریراس پمپا Carreras Pampa میں 16,600 فٹ کے نشانات باریکی سے دستاویزی شکل میں محفوظ کیے، جبکہ 1,378 سوئم ٹریکس بھی دریافت ہوئیں، جو ان ڈائنوسار کے تھے جو قدیم جھیل میں تیرتے یا پانی میں چلتے تھے۔
فٹ پرنٹس میں زیادہ تعداد تھیروپوڈز کی ہے، جو دو ٹانگوں والے گوشت خور ڈائنوسار کہلاتے ہیں۔ شریک مصنف روبرٹو بیاجّی کے مطابق دنیا بھر میں کہیں بھی تھیروپوڈز کے اتنے زیادہ فٹ پرنٹس ایک جگہ نہیں ملتے۔انہوں نے بتایا کہ اس مقام پر متعدد عالمی ریکارڈ قائم ہوئے ہیں، جن میں چھوٹے 10 سینٹی میٹر کے فٹ پرنٹس (مرغی کے سائز کے ڈائنوسار کے) اور بڑے 30 سینٹی میٹر کے نشانات شامل ہیں، جو کہ دیوہیکل ڈائنوسار کے تھے، جس کی اونچائی تقریباً 33 فٹ تک تھی۔