کومبنگ آپریشنز ، 9 ہزار 155 جرائم پیشہ افراد زیر حراست

لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس کے لاہور سمیت صوبہ بھر میں کومبنگ آپریشنز اور موک ایکسرسائز جاری ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال صوبہ بھر میں2 لاکھ 36 ہزار سے زائد کومبنگ آپریشنز کیے گئے جن میں 50 لاکھ سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔کومبنگ آپریشنز کے دوران 9 ہزار 155 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔جرائم پیشہ اور مشتبہ افراد کے قبضہ سے177 کلاشنکوف، 700 رائفلز، 5 ہزار پسٹل، 425 بندوقیں، 143 ریوالور اور26 ہزار سے زائد گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں پولیس ریسپانس کو مزید بہتر بنانے کے لئے لاہور سمیت صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں و دیگر مقامات پر موک ایکسرسائز جاری ہیں۔ ہنگامی مشقوں میں پولیس، بم ڈسپوزل سکواڈ، ریسکیو 1122، ایلیٹ فورس سمیت دیگر سکیورٹی اداروں اور ایجنسیوں نے حصہ لیا۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے محاسبہ کے لئے کومبنگ آپریشنز اور فرضی مشقیں مسلسل جاری رکھی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے تدارک کے لئے بھرپور ڈور ناکنگ کی جائے اورصوبے سے باہر سے آنے والے تمام افراد کی پروفائلنگ اور ڈیٹا چیکنگ یقینی بنائی جائے۔