صوبہ بھر میں جرائم پیشہ کے خلاف کومبنگ آپریشنز

13 ہزار 967 افراد سے پوچھ گچھ ، 99 افراد گرفتار،اسلحہ برآمد:آئی جی عبدالکریم
 لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں جرائم پیشہ اور ملک دشمن عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران صوبہ بھر میں 352 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز  کے دوران 13 ہزار 967 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 99 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ آپریشنز کے دوران شرپسند اور ملک دشمن عناصر کے قبضے سے 3 کلاشنکوف، 3 رائفلیں اور 8 پستول بھی برآمد کیے گئے جبکہ اسی عرصے میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں 36 ہزار 139 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن کے دوران 10 لاکھ 68 ہزار افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 3 ہزار 778 جرائم پیشہ و مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ترجمان نے مزید  بتایا کہ کومبنگ آپریشنز کے دوران ملزمان کے قبضے سے 37 کلاشنکوف، 77 رائفلیں، 714 پستول، 55 بندوقیں، 8 ریوالورز اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کا محاسبہ کرنے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے، جبکہ دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے تدارک کے لیے ڈور ناکنگ مہم بھی جاری رکھی جائے۔