پولیس کے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کومبنگ آپریشنز

 کومبنگ آپریشنز کے دوران 283 مشکوک ، 65 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے صوبائی دارالحکومت میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کومبنگ آپریشنز میں تیزی کر دی۔ ترجمان کے مطابق رواں سال اب تک 1257 سرچ و کومبنگ آپریشنز کیے جا چکے ہیں جن کے دوران 60 ہزار سے زائد گھروں اور ایک لاکھ 18 ہزار سے زائد افراد کی چیکنگ عمل میں لائی گئی۔ترجمان لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ کومبنگ آپریشنز کے دوران 283 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ 65 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مستحکم رکھنے اور کریمنلز کی بیخ کنی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کامیانہ نے ہدایت کی ہے کہ ماہِ مقدس اور یومِ علی? کے پْرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کومبنگ آپریشنز کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم چیک پوسٹوں پر روف ٹاپ سکیورٹی مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے حکم دیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔