اسلام آباد(آئی این پی )وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہاہے پی ٹی آئی کی بقا اسی میں ہے جیسا بانی ایم کیو ایم کے ساتھ ہوا،بانی پی ٹی آئی پاکستان میں سری لنکا، بنگلہ دیش یا نیپال جیسا ماحول بنانا چاہتے ہیں لیکن یہ ان کی غلط فہمی ہے ایسا کچھ نہیں ہوگا۔اپنے بیان میں طلال چوہدری نے کہا کہ اگر کوئی شخص خودکش حملے پر تیار ہو یا دماغی مریض بن جائے تو باقی لوگ اسے ایک حد تک سنبھال لیتے ہیں، لیکن بند کمرے میں لوگ کہہ رہے ہیں کہ بانی کے ساتھ نہیں چلا جاسکتا۔ ان کی جماعت کے کچھ لوگ ان کے ساتھ مجبوری میں ہیں، پی ٹی آئی کے اپنے لوگ عمران خان کی سیاست سے تنگ ہیں، بانی پی ٹی آئی اپنی جماعت کو سیاسی جماعت کے طور پر نہیں چلا رہے۔وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ وقت آئے گا کہ لوگ خود عمران خان سے علیحدگی اختیار کریں گے، یہ لوگ خود ملاقات کرنا نہیں چاہتے، ملاقات کیلئے قانون میں دئیے تقاضے پورے نہیں کیے جاتے، پی ٹی آئی خود صورتحال اس طرف لے جا رہی ہے کہ سیاسی شہید بن جائے۔ ریاست کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا ۔