فیصل آباد(سپورٹس ڈیسک )سری لنکا، بنگلہ دیش اور پاکستان کی ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔سہ فریقی سیریز 2 سے 16 اکتوبر تک فیصل آباد میں کھیلی جائے گی، جس کے تمام 10 ٹی ٹوئنٹی میچز اقبال سٹیڈیم میں ہوں گے۔ سری لنکا ویمنز انڈر 19 ٹیم 28 ستمبر جبکہ بنگلہ دیش ویمنز انڈر 19 ٹیم 29 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔ویمنز انڈر 19 ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقد ہونے والی اس سہ فریقی سیریز کا فارمیٹ ٹرپل رائونڈ رابن رکھا گیا ہے، جس کے تحت ہر ٹیم 6 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔سیریز کی ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان فائنل 16 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، جبکہ سہ فریقی سیریز کے تمام میچز صبح 10 بجے شروع ہوں گے۔دوسری جانب سیریز کے لئے پاکستان ویمنز انڈر 19 کی 20 رکنی ٹیم کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ فضہ فیاض پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کی کپتان ہوں گی۔ٹیم میں بیٹرز قمروش فرحان، پاکیزہ شبیر، ملائکہ سہانی اور آف اسپنر افشین خان کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے۔پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم بدھ سے بوڑانوالا گرائونڈ اور اقبال سٹیڈیم میں ٹریننگ کیمپ کا آغاز کرے گی۔بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ویمنز انڈر 19 ٹیمیں 29 اور 30 ستمبر جبکہ یکم اکتوبر کو اقبال سٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گی۔