بجلی پیداوار، ترسیل و تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق رپورٹ آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے، شازیہ مری

بجلی پیداوار، ترسیل و تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق رپورٹ آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے، شازیہ مری

پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ بجلی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کار کمپنیوں کے حوالے سے جاری کی جانے والی رپورٹ نے انکشافات کیے ہیں جو عوام کے لیے آنکھیں کھولنے کے مترادف ہیں۔

 انہوں نے اس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاور سیکٹر کی ناکامی اور نااہلی کا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے، اور اس سلسلے میں فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔شازیہ مری نے کہا کہ قومی خزانے اور عوامی مفادات کی خاطر ایک کمیشن تشکیل دیا جانا چاہیے جو اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرے اور اس میں ملوث افراد کو سامنے لائے۔ کمیشن کو یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ آئندہ ایسی غلطیوں کو دہرانے سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاور پروڈیوسرز کے حد سے زائد منافع نے نہ صرف عوامی خزانے بلکہ قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچایا ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی مہنگی پیداوار اور اضافی بوجھ عوام پر ڈالا گیا۔ شازیہ مری نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ زیادہ بجلی کی طلب کے دوران سستے پاور پلانٹس کا استعمال نہیں کیا گیا، جس سے عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شازیہ مری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس رپورٹ کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ اس نوعیت کی غفلت اور نااہلی دوبارہ نہ ہو۔