لاہور: بجلی صارفین کے لیے خوشخبری، لیسکو سمیت مختلف تقسیم کار کمپنیوں نے بجلی کے بلوں میں اربوں روپے کا ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا۔
کمپنیوں نے نیپرا کو مالی سال 2024-25 کی تیسری سہ ماہی (جنوری، فروری، مارچ) کی بنیاد پر ریلیف کی درخواستیں جمع کرا دی ہیں۔ذرائع کے مطابق، مختلف تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا کے پاس مجموعی طور پر 51 ارب روپے کے ریلیف پر مبنی درخواستیں دائر کی ہیں۔ ان درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ کیپسٹی چارجز اور ٹرانسمیشن چارجز کی مد میں حاصل اضافی رقم کو ایڈجسٹ کرتے ہوئے صارفین کو مالی ریلیف فراہم کیا جائے۔نیپرا نے ان درخواستوں پر 29 اپریل کو باقاعدہ عوامی سماعت مقرر کر دی ہے جس میں تمام فریقین کو موقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
یہ ریلیف جنوری، فروری اور مارچ 2025 کے مہینوں میں بجلی کے استعمال کی بنیاد پر دیا جائے گا، اور اگر نیپرا نے کمپنیوں کی درخواستیں منظور کر لیں تو آئندہ مہینوں میں بجلی کے بلوں میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ ریلیف مکمل طور پر منظور ہوتا ہے تو یہ مہنگائی کے مارے عوام کے لیے ایک بڑا ریلیف ثابت ہوگا۔