آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کے حوالے سے بھارتی سپورٹس چینل کی جانب سے جاری کیے گئے پرومو پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
اس پرومو میں میزبان ملک کا نام شامل نہیں کیا گیا، جس پر صارفین کی طرف سے ناراضگی کا اظہار کیا گیا۔ بھارتی چینل نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کی جھلکیاں اس پرومو میں شامل کیں، مگر چیمپئینز ٹرافی 2017 میں پاکستان کی فاتح ٹیم کی کوئی تصویر یا ویڈیو کلپ نہیں دکھایا۔ اس اقدام نے پاکستان کرکٹ کے مداحوں میں مایوسی پیدا کی، خاص طور پر اس وجہ سے کہ 2017 میں پاکستان نے چیمپئینز ٹرافی جیتی تھی اور اس موقع کے یادگار لمحات کو نظرانداز کیا گیا۔سوشل میڈیا پر پاکستان کے مداحوں نے سٹار سپورٹس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، اور اس بات پر سوال اٹھایا کہ کیوں میزبان ملک پاکستان کو پرومو میں شامل نہیں کیا گیا۔
اس کے علاوہ، پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) کو بھی اس معاملے میں سخت الفاظ کا سامنا کرنا پڑا، اور مداحوں نے پی سی بی کو مشورہ دیا کہ وہ ایونٹ سے بائیکاٹ کر دے۔چیمپئینز ٹرافی 2025 کے حوالے سے اس ہفتے کسی فیصلے کے امکان کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔ پی سی بی کے اعلیٰ عہدیداران ایک بار پھر دبئی میں موجود ہیں اور آئی سی سی کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں، اور ذرائع کے مطابق، بیشتر معاملات پر اتفاق ہو چکا ہے۔ اس تنقید اور مذاکرات کے باوجود، چیمپئینز ٹرافی 2025 کے حوالے سے حتمی فیصلے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔