نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے شرجیل انعام میمن کی درخواست پر سوشل میڈیا پر ان کے خلاف مبینہ مہم چلانے والے افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو طلب کر لیا ہے۔
ایجنسی کی جانب سے کراچی کے رہائشی چار افراد، سید عبداللہ، امین قریشی، بلال وارثی اور عبید قریشی کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ نوٹس میں انہیں جمعرات صبح 11:30 بجے این سی سی آئی اے کے دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی، طلب کیے گئے افراد کو اپنی قومی شناختی کارڈ، متعلقہ دستاویزات اور زیرِ استعمال ڈیجیٹل ڈیوائسز بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق، شرجیل انعام میمن نے شکایت کی تھی کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کے خلاف ہتک آمیز اور من گھڑت مواد کی تشہیر کی جا رہی ہے۔ شکایت میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر شرجیل انعام میمن کو میر رضا کیس سے جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ ان کے فرزند راول شرجیل کو بھی کسی گیسٹ ہاؤس سے منسلک کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔این سی سی آئی اے نے شکایت کی بنیاد پر متعلقہ افراد کو تحقیقات کے لیے طلب کرتے ہوئے انہیں مقررہ وقت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔