ستوکتلہ میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے شہری شدید زخمی

ستوکتلہ میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے شہری شدید زخمی

ستوکتلہ کے علاقے میں ایک ہولناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں تیز رفتار کار نے ایک گاڑی کو ٹکر مار دی۔

 اس حادثے کے نتیجے میں گاڑی سوار شہری سیف شدید زخمی ہوگیا اور اس کی گاڑی الٹ گئی۔حادثے کی کلوز سرکٹ کیمرے کی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں واضح طور پر تیز رفتار کار کو شہری کی گاڑی سے ٹکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔متاثرہ شہری کے مطابق، واقعے کے بعد اس نے تھانہ ستوکتلہ میں مقدمہ درج کرایا ہے، مگر تاحال ملزمان پولیس کی گرفت میں نہیں آسکے ہیں۔ شہری نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے اسے مقدمہ واپس لینے کے لیے مبینہ طور پر دھمکیاں دے رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق، متاثرہ شہری نے انویسٹی گیشن پولیس پر ملزمان کی پشت پناہی کا بھی الزام عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ پولیس اسے انصاف دلوانے کے بجائے دباؤ ڈال رہی ہے۔شہری نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کا نوٹس لیا جائے، ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے اور اسے انصاف فراہم کیا جائے۔پولیس کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔