ٹیپا کو ایک اور ڈیڈ لائن ،انڈر پاس بننے پر داتا دربار اور اطراف میں ٹریفک کا دبا ئو کم،روانی بہتر ہونیکاامکان
لاہور ( کرائم رپورٹر)بھاٹی گیٹ انڈر پاس کی تکمیل کیلئے پنجاب حکومت نے ٹیپا کو ایک اور ڈیڈ لائن دیدی۔چار سو میٹر طویل انڈر پاس اب 14اگست کو ٹریفک کیلئے کھولنے کی تیاریاں جاری ہیں،ایک ارب روپے سے تعمیر ہونیوالے منصوبے کی تکمیل آخری مراحل میں داخل ،پہلی ڈیڈ لائن پوری نہ ہونے کے بعد نئی تاریخ پر منصوبہ مکمل کرنا ٹیپا کیلئے بڑا چیلنج بن گیا ہے۔تاریخی بھاٹی گیٹ کے اطراف ٹریفک مسائل حل کیلئے زیرِ تعمیر انڈر پاس کی تکمیل کی تاریخ ایک بار پھر مقرر کر دی گئی۔ذرائع کے مطابق منصوبے کو یومِ آزادی پر ٹریفک کیلئے کھولنے کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔ فل ہائٹ انڈر پاس تین لینز پر مشتمل ہے۔منصوبے کی پہلی ڈیڈ لائن یکم اگست مقرر کی گئی تھی تاہم مقررہ مدت میں تعمیرات مکمل نہ ہونے پر انڈر پاس ٹریفک کیلئے نہ کھولا جا سکا۔اب 14 اگست کی نئی ڈیڈ لائن پر عملدر آمد ٹیپا کیلئے اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے، باقی ماندہ کام تیزی سے مکمل کیاجارہاہے۔انڈر پاس کی تکمیل کے بعد بھاٹی گیٹ، داتا دربار اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کے دبا ئو میں کمی اور گاڑیوں کی روانی بہتر ہونے کی توقع ہے۔ذرائع کے مطابق منصوبے کے افتتاح کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب یا صوبائی وزیر کو مدعو کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے، متعلقہ حکام نے افتتاحی تقریب کیلئے دعوت دینے کی درخواست کر دی ہے۔ انڈر پاس کا نام حضرت علی ہجویری? انڈر پاس رکھنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔