راولپنڈی میں ایک سفاک ملزم نے نہ صرف اپنے والد اور دو بہنوں کو قتل کیا بلکہ اپنے تین ماہ کے بھانجے کو بھی ذبح کر دیا، جس کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اسلام آباد میں اپنے والد اور چھوٹی بہن کو قتل کیا، پھر راولپنڈی پہنچ کر دوسری بہن کو قتل کیا اور کمسن بچے کو زخمی کر کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ملزم نے پہلے اسلام آباد کے ترامڑی چوک پر اپنے والد اور چھوٹی بہن کو قتل کیا، بعد ازاں اڈیالہ روڈ پر دوسری بہن کو قتل کیا، جبکہ تین ماہ کے بھانجے کو زخمی حالت میں چھوڑا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، ملزم کو اس بات پر رنج تھا کہ اس کی بہن نے پسند کی شادی کی تھی، مقتولہ 35 سالہ انجم زارا نے ڈیڑھ سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور اس کا تین ماہ کا بچہ بھی ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اڈیالہ روڈ جائے وقوع پر ایس پی صدر، اے ایس پی صدر اور پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور ملزم کو فوری گرفتار کر لیا گیا۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق، واقعہ جائیداد کے تنازعہ پر پیش آیا اور موقع سے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔ زخمی بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے وعدہ کیا ہے کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوانی جائے گی۔