عبادت گاہوں کے گرد پیٹرولنگ اور داخلی راستوں پر سخت چیکنگ
لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے ڈویڑن کے گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایس پی صدر نے گرجا گھروں کے داخلی راستوں پر مامور جوانوں کو الرٹ اور چیکنگ کے عمل کا مکمل جائزہ لیا۔ ایس پی صدر نے ٹاؤن شپ اور گرین ٹاؤن چرچ سمیت اہم گرجا گھروں پر مامور نفری کو چیک کیا اور الرٹ رہنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر متعلقہ سرکل افسران نے سکیورٹی انتظامات بارے آگاہ کیا۔ ایس پی صدر کے مطابق عبادت کے لیے آنے والے تمام افراد کی چیکنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، پارکنگ کو گرجا گھروں سے مناسب فاصلے پر بنایا گیا ہے، مشکوک افراد اور لاوارث سامان پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور گرجا گھروں سمیت اہم تفریحی مقامات کے گرد مؤثر پیٹرولنگ جاری ہے۔ تمام گرجا گھروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔