روہت شرما کی اہلیہ رِتیکا سجدہ کا ممبئی میں شاہانہ لگژری اپارٹمنٹ، خریداری نے توجہ حاصل کرلی

روہت شرما کی اہلیہ رِتیکا سجدہ کا ممبئی میں شاہانہ لگژری اپارٹمنٹ، خریداری نے توجہ حاصل کرلی

بھارت کی کرکٹ ٹیم کے معروف کھلاڑی روہت شرما کی اہلیہ رِتیکا سجدہ نے حال ہی میں ممبئی میں ایک نیا لگژری اپارٹمنٹ خریدا ہے، جس کی قیمت 26 کروڑ 30 لاکھ بھارتی روپے بتائی جا رہی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 80 کروڑ روپے بنتی ہے۔

یہ شاندار اپارٹمنٹ اپنی آسائشوں اور جدید طرزِ تعمیر کے باعث کسی شاہی محل سے کم نہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رِتیکا سجدہ نے یہ اپارٹمنٹ گزشتہ سال دسمبر میں خریدا، جس کے لیے انہوں نے تقریباً 1 کروڑ 31 لاکھ روپے بطور اسٹامپ ڈیوٹی ادا کی۔ یہ رہائش ممبئی کے پربھا دیوی علاقے میں واقع آہوجا ٹاورز نامی جدید ہائی رائز عمارت میں ہے، جو شہر کے مہنگے اور پرائم علاقوں میں شمار ہوتی ہے۔یہ اپارٹمنٹ تقریباً 2760 اسکوائر فٹ کے کارپٹ ایریا پر محیط ہے، جو اسے نہایت کشادہ اور آرام دہ بناتا ہے۔ اس کے ساتھ تین گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جو ممبئی جیسے مصروف شہر میں ایک بڑی سہولت سمجھی جاتی ہے۔آہوجا ٹاورز کی لوکیشن اسے مزید خاص بناتی ہے، کیونکہ یہ ورلی، لوئر پریل اور باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) جیسے اہم کاروباری اور رہائشی علاقوں کے قریب واقع ہے۔ اس کے علاوہ باندرہ-ورلی سی لنک کی قربت بھی اس اپارٹمنٹ کی قدر میں اضافہ کرتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی عمارت میں روہت شرما پہلے ہی ایک شاندار اپارٹمنٹ کے مالک ہیں، جو 29ویں منزل پر واقع ہے۔ اس اپارٹمنٹ کی خاص بات 270 ڈگری کا شاندار نظارہ ہے، جہاں سے دروازہ کھولتے ہی بحرِ عرب کا دلکش منظر دکھائی دیتا ہے۔ اب رِتیکا سجدہ نے بھی اسی عمارت میں اپنا نیا گھر خرید لیا ہے۔واضح رہے کہ رِتیکا سجدہ محض ایک اسٹار کرکٹر کی اہلیہ ہی نہیں بلکہ خود بھی ایک کامیاب اور متحرک پروفیشنل ہیں۔ وہ طویل عرصے تک اسپورٹس مینجمنٹ کے شعبے سے وابستہ رہ چکی ہیں اور اس وقت ’کارنر اسٹون‘ کے نام سے ایک پی آر ایجنسی بھی چلاتی ہیں، جہاں وہ بالی ووڈ کے کئی بڑے ستاروں کا مینجمنٹ سنبھالتی ہیں۔