پولیس انٹر ڈسٹرکٹ گیمز کا لاہور پولیس لائنز میں شاندار انعقاد

لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں سالانہ پولیس انٹر ڈسٹرکٹ گیمز 2025 کا شاندار انعقاد ہوا، جس میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ایس پی ہیڈکوارٹرز منزہ کرامت، انچارج سپورٹس ونگ ڈی ایس پی مسعود الرحمان، دیگر افسران اور جوانوں نے مہمانِ خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا۔ گیمز میں مختلف اضلاع اور یونٹس کے کھلاڑیوں نے بھرپور شمولیت اختیار کی، جبکہ ویٹ لفٹنگ، باسکٹ بال، ریسلنگ اور باڈی بلڈنگ کے دلچسپ اور پرجوش مقابلے جاری رہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کھلاڑیوں کے حوصلے، محنت اور ٹیم ورک کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الاضلاعی گیمز پولیس اہلکاروں میں باہمی ہم آہنگی، نظم و ضبط اور قیادت کی صلاحیتوں کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل جسمانی و ذہنی مضبوطی کا بہترین ذریعہ ہیں اور لاہور پولیس فورس میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا گیا اور منتظمین کو کامیاب ایونٹ پر مبارکباد پیش کی گئی۔