جیلوں میں سفارشی کلچر ختم کرنے کا حکم

 سرکاری افسر یا ملازم کی کم از کم تعیناتی کا دورانیہ ایک سال ہوگا:آئی جی جیل خانہ جات نے مراسلہ جاری کردیا 
 لاہور (کرائم رپورٹر)آئی جی جیل خانہ جات نے سفارشی کلچر کے خاتمے کے لیے سخت لہجے میں مراسلہ جاری کیا ہے، جس کے مطابق سفارش کی بنیاد پر جیلوں یا دفاتر میں مدتِ تعیناتی مکمل ہونے سے قبل تبادلے نہیں کیے جائیں گے۔جاری کردہ مراسلہ کے مطابق افسران و ملازمین تبادلہ کرانے کے لیے سینئر افسران کو مختلف ذرائع سے سفارشات کراتے ہیں، لیکن حکومتی ہدایات کے مطابق سرکاری افسر یا ملازم کی کم از کم تعیناتی کا دورانیہ ایک سال ہوگا۔ کسی بھی افسر یا ملازم کا تبادلہ ایک سال باقاعدہ ڈیوٹی مکمل کرنے تک نہیں ہوگا۔اگر کوئی افسر یا ملازم دوران تعیناتی غیر حاضر رہا تو غیر حاضری کا دورانیہ مدت میں شامل نہیں ہوگا۔ مراسلہ میں بتایا گیا ہے کہ رخصت پر جانے والوں کا وقت بھی تعیناتی کے دورانیے سے منفی کیا جائے گا اور ایک سالہ تعیناتی کا حصہ نہیں مانا جائے گا۔افسران کو باقاعدہ آرڈر بک میں نوٹ کروا کر مطلع کیا جائے گا اور ملازمین کو آفس آرڈر کے ذریعے احکامات سے آگاہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ نوٹس بورڈ پر بھی یہ ہدایات آویزاں کی جائیں گی۔ آئی جی جیل کے حکم پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر جیل خانہ جات نے متعلقہ افسران کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔