ترکی نے رواں سال گزشتہ 55 برسوں کے مقابلے میں سب سے گرم جولائی کا سامنا کیا۔ وزارت ماحولیات کے مطابق ملک کے 220 میں سے 66 موسمی اسٹیشنز پر درجہ حرارت اوسطاً 1.9 ڈگری زیادہ ریکارڈ ہوا۔
ماہ جولائی کے آخر میں جنوب مشرقی شہر سلوپی میں درجہ حرارت 50.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو اگست 2023 میں صوبہ اسکی شہر میں قائم 49.5 ڈگری کے ریکارڈ کو توڑ گیا۔ سلوپی، صوبہ شرناق میں واقع ہے اور عراق و شام کی سرحد سے تقریباً 10 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔شدید گرمی کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی۔ گزشتہ ماہ مغربی ترکی میں آگ بجھاتے ہوئے 14 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ شمال مغربی صوبہ چناق قلعہ میں دو بڑی آگ کے باعث سیکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔ اس دوران بحری آمد و رفت کے مصروف دردانیلز اسٹریٹ کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔