متحدہ عرب امارات کی شمالی ریاستوں میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں واضح اضافہ ہو گیا ہے۔
فجیرہ، راس الخیمہ اور اُم القیون میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث موسم خوشگوار مگر سرد ہو گیا۔راس الخیمہ کے بلند ترین پہاڑی علاقے جبل جیس میں درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو رواں موسمِ سرما کا کم ترین درجہ حرارت قرار دیا جا رہا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں سرد ہواؤں کے باعث شہریوں کو شدید ٹھنڈ کا سامنا کرنا پڑا۔اس سے قبل رواں ماہ دبئی میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا تھا اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ روزمرہ معمولاتِ زندگی بھی بری طرح متاثر ہوئے تھے۔
خراب موسمی صورتحال کے پیشِ نظر متحدہ عرب امارات کی حکومت نے احتیاطی تدابیر کے طور پر تمام سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم پالیسی نافذ کر دی تھی، جبکہ نجی شعبے کو بھی ریموٹ ورک اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔سرکاری حکام کے مطابق صرف انتہائی ضروری عملے کو دفاتر میں حاضری کی اجازت دی گئی تھی تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارش اور درجہ حرارت میں کمی کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔