جنگلی ہاتھی کا سیاح پر حملہ، پاؤں تلے دبانے کی ویڈیو وائرل

جنگلی ہاتھی کا سیاح پر حملہ، پاؤں تلے دبانے کی ویڈیو وائرل

بھارتی ریاست کرناٹک کے بندی پور ٹائیگر ریزرو میں کیرالا سے آئے ایک سیاح پر جنگلی ہاتھی نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ کیکناہلی روڈ پر پیش آیا، جب ایک جنگلی ہاتھی سڑک کے کنارے کھڑا تھا اور اچانک سفید شرٹ پہنے سیاح کی طرف دوڑ پڑا۔ عینی شاہدین کے مطابق سیاح نے ہاتھی کو قریب آتا دیکھ کر بھاگنے کی کوشش کی، لیکن سڑک کے قریب پہنچتے ہی پھسل کر گر گیا۔ اسی دوران ہاتھی بھی اس کے اوپر پہنچ گیا اور اپنے پاؤں سے اسے دبا دیا۔خوش قسمتی سے سیاح کی جان بچ گئی، تاہم وہ زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد اس کے ساتھیوں نے اسے فوراً ہسپتال منتقل کر دیا۔ اس دوران موقع پر لوگوں کا ہجوم لگ گیا اور ٹریفک بھی عارضی طور پر معطل رہی۔محکمہ جنگلات کے حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ہاتھی کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔