تھائی لینڈ میں ایک ہاتھی کے حملے میں ہسپانوی خاتون سیاح کی ہلاکت

تھائی لینڈ میں ایک ہاتھی کے حملے میں ہسپانوی خاتون سیاح کی ہلاکت

تھائی لینڈ میں ایک بدقسمت واقعے میں 22 سالہ ہسپانوی خاتون سیاح بلانکا اوجنگورین گارسیا ہاتھی کے حملے میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔

 یہ واقعہ تھائی لینڈ کے جزیرے یاؤ یائی پر اس وقت پیش آیا جب وہ کوہ یاؤ ایلیفینٹ کیئر میں ایک ہاتھی کو نہلا رہی تھیں۔ ہاتھی نے اچانک شدید حملہ کیا اور اس کے دانت خاتون کے جسم سے آر پار ہو گئے، جس کے نتیجے میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔بلانکا اوجنگورین گارسیا اسپین کے شہر ویلاڈولڈ کی رہائشی تھیں اور وہ اپنے بوائے فرینڈ کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے تھائی لینڈ آئی ہوئی تھیں۔ وہ پامپلونا کی ناوارا یونیورسٹی میں قانون اور بین الاقوامی تعلقات کی طالبہ تھیں، اور اپنی موت سے پہلے وہ چھٹیاں گزارنے کے لیے تھائی لینڈ آئی تھیں۔تھائی حکام نے ابھی تک اس واقعے کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی ہیں، لیکن اس المناک حادثے کی خبر اسپین میں سوگ کا باعث بنی ہے۔

 ہسپانوی وزارتِ خارجہ اور ہسپانوی سفارت خانے نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ ہسپانوی خاتون کے ویلاڈولڈ میں رہائش پذیر رشتہ داروں سے رابطے میں ہیں اور انہیں تمام ضروری امداد فراہم کر رہے ہیں۔اس کے علاوہ، بلانکا کی یونیورسٹی کی جانب سے بھی ان کی المناک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے اور اس نے ان کے خاندان کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔