ویب ڈیسک: مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے اعتراضات اور تحفظات کے باوجود لاہور کینال شپ ریسٹورنٹ منصوبے کو بالآخر صوبائی حکومت کی جانب سے منظوری دے دی گئی ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ منصوبہ ابتدائی طور پر 35 کروڑ روپے میں مکمل ہونا تھا، تاہم نیسپاک کی اسٹڈی کے بعد ڈیزائن میں تبدیلی کے باعث اس کی لاگت بڑھا کر 54 کروڑ روپے کر دی گئی۔ منصوبے کے لیے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (PHA) کو سپلیمنٹری گرانٹ فراہم کی جائے گی جبکہ پی اینڈ ڈی بورڈ فنڈز کا بندوبست کرے گا۔دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ محکمہ خزانہ اور پی اینڈ ڈی بورڈ نے ماضی میں اس منصوبے پر کئی اعتراضات کیے تھے۔ ان میں منصوبے کو غیر موزوں اور مہنگا قرار دینا، فی نشست 40 لاکھ روپے لاگت کو فنڈز کا ضیاع کہنا، 5 کروڑ روپے کے پل اور 1 کروڑ 5 لاکھ روپے کے سیلفی پوائنٹ پر سوال اٹھانا شامل تھا۔اب صوبائی منظوری کے بعد منصوبے پر اضافی لاگت کے ساتھ کام شروع ہوگا، فنڈز پی اینڈ ڈی بورڈ کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے اور پی ایچ اے منصوبے کو عملی جامہ پہنائے گی۔