وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں 15 نئے ’’سہولت آن دی گو‘‘ بازاروں کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ سہولت بازار شہر کے مختلف علاقوں میں قائم کیے جائیں گے، جہاں شہریوں کو روزمرہ کی اشیاء کی خریداری کی آسانی ہوگی۔تفصیلات کے مطابق، لاہور میں مختلف مقامات پر 870 سٹالز کے ساتھ ’’سہولت آن دی گو‘‘ بازار قائم کیے جائیں گے۔ ان بازاروں کا مقصد شہریوں کو ایک ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنے روزمرہ کے ضروری سامان کی خریداری آرام دہ اور سستی قیمتوں پر کر سکیں۔یہ بازار شہر کے مختلف علاقوں میں قائم ہوں گے جن میں ملتان روڈ، ہنجروال، مانگا منڈی، رائیونڈ، جی ون مارکیٹ، فیصل ٹاؤن، مون مارکیٹ، بیدیاں روڈ، مصطفی ٹاؤن، ای ملت روڈ، گلشن راوی، شاہدرہ اور شادمان شامل ہیں۔
ان بازاروں میں روزمرہ کی اشیاء خوردونوش اور ضروریات زندگی کی اشیاء دستیاب ہوں گی۔ ہر بازار میں کاٹیج شاپس ہوں گی اور ان کے لیے پارکنگ ایریاز بھی مختص کیے جائیں گے۔ ان بازاروں میں صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو ایک محفوظ اور صاف ماحول فراہم کیا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے منصوبے کے پائلٹ پراجیکٹ کے لیے 4 ماہ کا ہدف مقرر کیا ہے، جس کے دوران ان بازاروں کا افتتاح کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ شہریوں کے لیے ایک آسان اور سہولت بخش خریداری کا طریقہ فراہم کرے گا۔