اسلام آباد ایئرپورٹ کی 8 دن کی بندش سے متعلق رپورٹس گمراہ کن ہیں:ترجمان پی اے اے

اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی(پی اے اے) نے اتوار کے روز اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی 8 دن کی بندش سے متعلق غلط اور گمراہ کن میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے بندش کی درست تاریخ اور وقت واضح کیا ہے۔پی اے اے کے ترجمان سیف اللہ خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے جاری کردہ نوٹم کے مطابق 14 اگست یوم آزادی سے قبل فضائی سرگرمیوں کی وجہ سے آمد و روانگی کی پروازیں صرف مخصوص دنوں اور اوقات میں 2 گھنٹے کے لیے معطل رہیں گی۔شیڈول کے مطابق 6 اگست تا 9 اگست اور 11 اگست تا 14 اگست، ایئرپورٹ صبح 11 بجے سے دوپہر 1 بجے تک بند رہے گا۔9 اگست اور 11 اگست کو ایئرپورٹ رات 8 بجے سے رات 10 بجے تک بھی بند رہے گا۔بیان میں کہا گیا کہ اس مختصر تعطل کے علاوہ، ایئرپورٹ کی تمام پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی