پاک افغان سرحد سے متعلق گمراہ کن بیانیہ ناقابلِ قبول ہے: عطاء تارڑ

سہیل آفریدی کو سرحدی حقیقت سمجھ نہیں آ رہی،بین الاقوامی سرحد کو بین الاقوامی سرحد ہی سمجھنا ہوگا:وزیر اطلاعات کا ایکس پر بیان
 ؁ اسلام آباد ( آن لائن )وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے پاک افغان بین الاقوامی سرحد سے متعلق گمراہ کن بیانیے پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے اس پروپیگنڈے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان موجود سرحد ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحد ہے اور اس کو اسی حیثیت میں سمجھنا اور اس کے مطابق عمل کرنا ناگزیر ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ پاک افغان سرحد کو بین الاقوامی سرحد ہی تصور کیا جانا چاہیے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا گمراہ کن تشریح ناقابلِ قبول ہے۔عطااللہ تارڑ نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی ان چند افراد میں شامل ہیں جنہیں اس حقیقت کا ابھی ادراک نہیں ہو رہا، اور ایسے بیانات خطے میں غلط فہمیوں اور کشیدگی کو جنم دے سکتے ہیں۔وزیر اطلاعات کے مطابق حکومت پاکستان قومی سلامتی اور علاقائی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور پاک افغان سرحد سے متعلق ریاستی مؤقف واضح اور دو ٹوک ہے۔