کراچی :ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی جاں بحق، مشتعل شہریوں نے 7 گاڑیاں جلا دیں

 فیڈرل بی ایریا راشد منہاس روڈ پرواقعہ  پیش آیا‘موٹر سائیکل سوار22 سالہ ماہ نور   اور  14 سالہ علی رضا  موقع پر دم توڑ گئے‘والد زخمی
 ماہ نور کی اگلے ماہ شادی تھی، ہم بچی کا جہیز جمع کر رہے تھے ‘ آج  اس کے کفن کا بندوبست کر رہے ہیں‘ذمہ داروں کو سزا دی جائے:چچا

 ڈمپر ڈرائیور ایسوسی ایشن کا ہائی وے پر  دھرنا  ،ڈمپرز جلانے والوں کیخلاف مقدمات درج اور گرفتاریوں کا مطالبہ‘مذاکرات کامیاب ہونے پر احتجاج ختم 

کراچی(آئی این پی )کراچی میں  ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق  یہ واقعہ کراچی کے  علاقے فیڈرل بی ایریا راشد منہاس روڈ پر پیش آیا۔ ڈمپر کی ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر  سوار  باپ، بیٹا اور بیٹی  زخمی ہوگئے تھے۔ریسکیو  ذرائع کے مطابق  اسپتال منتقلی کے دوران بہن اور بھائی دم توڑ گئے جن کی شناخت 22 سالہ ماہ نور   اور  14 سالہ علی رضا کے نام سے ہوئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے بہن اور بھائی کے والد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔حادثے کے بعد شہری مشتعل ہوگئے اور 7 ڈمپروں کو آگ لگادی، شہریوں نے  موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے والے  ڈمپر ڈرائیور  پر تشدد کے بعد اسے پولیس کے حوالے کردیا۔حادثے کے بعد راشد منہاس روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا جبکہ پولیس نے ڈمپر جلانے کے الزام میں 10افراد کو گرفتار کرلیا۔آگ لگانے کے خلاف ڈمپر ڈرائیور ایسوسی ایشن نے احتجاج کرتے ہوئے سپرہائی وئے سہراب گوٹھ سے سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی  اور دھرنا دیدیا گیا جس سے  ٹریفک کی روانہ شدید متاثر  ہوگیا ،بعدازاں پولیس اور ڈمپرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے اور مزاکرات کامیاب ہونے کے بعد احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ مین سپر ہائی وے ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا، ٹرانسپورٹرز کی جانب سے72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا گیا ہے  ڈمپرز جلانے والوں کے خلاف انسداد دہشت ایکٹ کے تحت مقدمات کئے جائیں، ٹرانسپورٹرزکے مطابق  ڈمپرز جلانے والوں کو 72 گھنٹے میں گرفتار کیا جائے، کچھ ماہ کے دوران 33 کے قریب ڈمپرز جلائے گئے ہیں، حکومت سندھ جلائے گئی گاڑیوں کے مالکان کو معاوضہ دے‘بچی کے چچا نے بتایا  ماہ نور کی اگلے ماہ شادی تھی، جہیز کے لیے گھر والے ایک ایک پیسہ جوڑ رہے تھے، ہم بچی کا جہیز جمع کر رہے تھے اور آج ہم اس کے کفن کا بندوبست کر رہے ہیں